سیالكوٹ۔ 25 فروری (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرکے غیر قانونی سفر کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائیاں جاری ہیں ،انسانی سمگلنگ کے شکار مسافراحمد رضا نامی اور عمان سے آنے والے عبدالرحمان نامی افغان شہری کو ڈیپورٹ کر دیا گیا ہے،
مسافر احمد رضا فلائٹ نمبر ای کے620 کے ذریعے موریطانیہ سے پاکستان پہنچا اور عبدالرحمان نامی مسافر فلائٹ نمبر او وی505 کے ذریعے عمان سے پاکستان آیا تھا،امیگریشن کلئیرنس کے دوران مسافروں کو مشکوک پایا گیا جس پر مسافروں سے تفتیش کی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق احمد رضا نامی مسافر چند ماہ قبل کراچی ائیرپورٹ سے سینیگال وزٹ ویزہ پر گیا تھا،مسافر کا تعلق گجرانوالہ سے ہے ،مسافر حاجی ریاست باجوہ اور محمد افضل گورایہ نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھا،
مسافر نے مذکورہ ایجنٹوں کے ساتھ 40 لاکھ روپے کے عوض اٹلی کے معاملات طے کیے، تاہم ایجنٹوں نے ابتدا میں مسافر کو سینیگال پہنچایا اور بعد ازاں موریطانیہ بھجوایا، موریطانیہ پہنچ کر ایجنٹوں نے غیر قانونی طور کشتی کے راستے مسافر کو یورپ بھجوانے کی کوشش کی، مسافر نے کشتی کے راستے سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا، مسافر کو مزید تفتیش اور ایجنٹوں کی نشاندھی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
افغان مسافر عبدالرحمان کو جاری کردہ ای ویزہ ویری فیکیشن کے مطابق مسافر صرف انٹری پورٹ طورخم لینڈ روٹ بارڈر کے راستے ہی افغانستان سے پاکستان آسکتا تھا،سیالکوٹ ائیرپورٹ سے انٹری کی اجازت نہ ہونے پر مسافر کو ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔