سیالكوٹ۔ 20 مارچ (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرکے جعلی دستاویزات کی بنا پر گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائیاں جاری ہیں ،انسانی سمگلنگ کے شکار سفیان علی نامی مسافر سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ایف آئی اے نے دوسری کارروائی میں سائوتھ افریقہ سے پاکستان ڈی پورٹ ہونے والا محمد رفیع نامی مسافر گرفتارکرلیاہے۔ سفیان علی نامی مسافر فلائٹ نمبر پی کے746 کے ذریعے موریطانیہ سے پاکستان پہنچا جبکہ محمد رفیع نامی مسافر نے فلائٹ نمبر ایف زیڈ337 سے سائوتھ افریقہ سے پاکستان پہنچا، امیگریشن کلئیرنس کے دوران مسافروں کو مشکوک پایا گیا جس پر مسافروں سے تفتیش کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق سفیان علی نامی مسافر چند ماہ قبل فیصل آباد ائیرپورٹ سے سینیگال وزٹ ویزہ پر گیا تھا،مسافر کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے ،مسافر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ساجد چاہل نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھا، مسافر نے مذکورہ ایجنٹ کے ساتھ 35 لاکھ روپے کے عوض یورپ جانے کے معاملات طے کیے تاہم ایجنٹ نے ابتدا میں مسافر کو سینیگال پہنچایا اور بعد ازاں موریطانیہ بھجوایا، موریطانیہ پہنچ کر ایجنٹوں نے غیر قانونی طور کشتی کے راستے مسافر کو یورپ بھجوانے کی کوشش کی ۔
مسافر نے کشتی کے راستے سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا، مسافر کو مزید تفتیش اور ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ محمد رفیع نامی مسافر کو سائوتھ افریقہ سے جعلسازی کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا گیا، ملزم گزشتہ 18 سال سے سائوتھ افریقہ میں مقیم تھا اور ملزم نے سال 2022 میں افریقہ کا سکونتی سرٹیفکیٹ حاصل کیا،
ملزم مارچ 2025 میں پاکستان واپس آیا تاہم پاکستان سے سائوتھ افریقہ واپسی پر اورٹامبو ائیر پورٹ پر امیگریشن حکام نے مسافر کے سفری دستاویزات ضبط کر لیے اور مسافر کو سفری دستاویزات ضبط کرنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا ،مسافر کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔