ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی، عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 2 مسافر خواتین گرفتار

83

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 2 مسافر خواتین کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر خواتین کی شناخت پتل خاتون اور سبحانہ کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار خواتین کسی قسم کی ہوٹل بکنگ کے حوالے سے دستاویزات دینے میں ناکام رہیں۔

خواتین کے پاس کسی قسم کی سفری اخراجات کے حوالے سے رقم موجود نہ تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر خاتون سبحانہ کا بیٹا غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم ہے، گرفتار خاتون کا بیٹا عمرہ ویزا پر سال 2022 میں سعودی عرب گیا تھا۔ خاتون کا بیٹا بھی گداگری میں ملوث ہے جس کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ گرفتار مسافر خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔