ایف آئی اے فیصل آباد نے اوور بلنگ میں ملوث فیسکو کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا

277
ایف آئی اے فیصل آباد نے اوور بلنگ میں ملوث فیسکو کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا

فیصل آباد ۔ 01 مئی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)فیصل آباد نے اووربلنگ میں ملوث فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد سرکل کی ٹیم نے بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کیخلاف کاروائیوں میں کروڑوں روپے کی اووربلنگ میں ملوث فیسکو کے 3 افسران کو گرفتار کیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد امیر،ایس ڈی او غلام عباس اورمیٹر انسپکٹر شفیق احمد شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم محمد امیرجو فیسکو میں بطور سپرنٹنڈنگ انجینئرتعینات رہا ہے نے سکارپ کے بل میں مجموعی طور پر1کروڑ 58 لاکھ یونٹس سے زائد کی اووربلنگ کی۔ س کے ہمراہ ملزم غلام عباس فیسکو میں ایس ڈی او جبکہ ملزم شفیق احمد بطور میٹر انسپکٹر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

ملزمان نے 30 سے زائد صارفین کو 59738 یونٹس کی اووربلنگ کی۔ملزمان کیخلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے فیصل آباد زون میں خصوصی ٹیمیں اوور بلنگ کے جائزہ کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر اوور بلنگ کے حوالے سے میٹرز کا معائنہ کر رہی ہیں۔ انسپکشن کے دوران 12کنکشنزپر8205 یونٹس کی اووربلنگ رپورٹ ہوئی ہے جبکہ اووربلنگ میں ملوث ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ اورملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔