ایف آئی اے فیصل آباد نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا

68
ایف آئی اے فیصل آباد نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا

فیصل آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی):ایف آئی اے فیصل آباد نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرکے کروڑوں روپے کے مالی فراڈ میں ملوث ملزم بابر کو گرفتار کر لیا۔مذکورہ مقدمے میں گزشتہ سال بھی محمد سہیل نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتار ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے ٹرسٹ فنڈز کے اکائونٹ سے کروڑوں روپے خوردبرد کئے۔

ملزمان نے نجی ٹرسٹ کے نام سے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنوائی۔ملزمان نے مذکورہ ٹرسٹ ڈیڈ پر بینک ملازمین کی ملی بھگت سے اکائونٹ کھلوایا،جعلسازی میں نجی بینک کے 2 ملازمین بھی شامل ہیں۔مذکورہ اکائونٹ میں شہریوں نے کروڑوں کی ڈونیشن جمع کروائی۔ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے نجی ٹرسٹ کے نام پر بنوائے گئے اکائونٹ سے کروڑوں روپے غبن کئے،

ملزمان نے مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فیصل آباد کے علاوہ لاہور میں بھی اکائونٹ کھلوائے،گرفتار ملزم کے خلاف لوکل پولیس میں بھی جعلسازی کے مقدمے درج ہیں۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔