29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومعلاقائی خبریںایف آئی اے لاہور زون نے رواں سال کے دوران مختلف جرائم...

ایف آئی اے لاہور زون نے رواں سال کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 727 ملزمان کو گرفتار کیا، ترجمان عبدالغفور

- Advertisement -

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):ترجمان ایف آئی اے عبدالغفور نے کہا ہے کہ بدعنوانی کرپشن اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیوں کے دوران لاہور زون نے رواں سال کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 727 ملزمان کو گرفتار کیا،گرفتار ملزمان میں 111 اشتہاری، 4 ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر بھی شامل ہیں ۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران 1501 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 836 مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے عدالت میں چالان جمع کروائے گئے، مجموعی طور پر 195 ملزمان کو عدالت سے سزائیں سنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلروں کے خلاف 940 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 370 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 684 مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے چالان جمع کروائے گئے جبکہ 168 انسانی سمگلروں کو سزائیں سنائی گئی، اس حوالے سے مسافروں کی پروفائلنگ کے حوالے سے امیگریشن حکام کو خصوصی ٹریننگ دی گئی۔

- Advertisement -

ترجمان نے کہا کہ کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کا آغاز کیا گیا،رواں سال کے دوران کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 67 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئیں،چھاپوں کے نتیجے میں 67 مقدمات درج کر کے 96 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 70245 امریکی ڈالر اور 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی ، 21 کروڑ 47 لاکھ پاکستانی روپے بھی برآمد کئے گئے،گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف 420 چھاپہ مار کاروائیاں عمل میں لائی گئیں،247 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے 110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری سے قومی خزانے کو 12 کروڑ 91 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا جبکہ بجلی چوروں سے 1 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔

عبدالغفور نے بتایا کہ ایف آئی اے کی تحقیقات کے نتیجے میں لیسکو کی جانب سے مجموعی طور پر صارفین کو 39 ارب روپے کی اوور بلنگ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ جعلی ادویات کے خلاف 12 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئی،جعلی ادویات میں ملوث ملزمان کے خلاف 11 مقدمات درج کر کے 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اورملزمان سے کروڑوں مالیت کی جعلی ادویات قبضے میں لی گئیں۔اسی طرح بدعنوانی اور کرپشن میں ملوث نادرا، پاسپورٹ آفس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے خلاف 24 مقدمات درج کئے گئے،کرپشن میں ملوث 39 افسران کو گرفتار کیا گیا جبکہ کرپشن میں ملوث ملزمان سے 9 کروڑ 43 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔

بینکنگ اور دیگر مالی فراڈ میں ملوث 45 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان عناصر کے خلاف 55 مقدمات کی تفتیش مکمل کی گئی جبکہ بینکنگ اور مالی فراڈ میں ملوث عناصر سے 5 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ رواں سال کے دوران لاہور زون نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 113 مقدمات درج کئے،منی لانڈرنگ میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 12 مقدمات کے چالان عدالت میں جمع کروائے گئے،دوران تفتیش کروڑوں مالیت کے پلاٹ، لگژری گاڑیاں، بینک اکاونٹ کو بذریعہ عدالت شامل تفتیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ مافیا کے خلاف 46 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئی،پاسپورٹ ایجنٹوں کے خلاف 46 مقدمات درج کر کے 68 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اسی طرح گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث مافیا کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کیا گیا، اس جرم میں ملوث مافیا کے خلاف 6 مقدمات درج کئے گئے،18 ملزمان کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں 2 ڈاکٹرز بھی شامل تھے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر 7 ارب 93 کروڑ سے زائد مالیت کی متروکہ وقف املاک کی پراپرٹی ناجائز قابضین سے وگزار کروائی گئی۔ترجمان نے کہا کہ بدعنوانی کرپشن اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں،ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=538831

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں