ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات پر افغان باشندوں کو پاکستان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے والا گروہ بے نقاب کر دیا ، مجموعی طور پر 16 ملزمان گرفتار کیا گیا ہے ، ترجمان ایف آئی اے

100
F.I.A
F.I.A

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر افغان باشندوں کو پاکستان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے والا گروہ بے نقاب کر دیا ، مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے 03 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 4 ایجنٹس اور 5 افغان شہری شامل ہیں۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل افضل خان نیازی کی ہدایت پر پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کی شکایت پر چھاپے مارے کر مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ۔

دوسری کارروائی میں جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ تیار کرنے مین ملوث نادرا کے 4 افسران اور ایجنٹوں کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔ کارروائی نادرا کی شکایت پر عمل میں لائی گی ۔ملزمان کو اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات میں ایجنٹوں، ٹاؤٹس، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن افسران، نادرا افسران پر مشتمل بین الاقوامی ریکٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفتیش کی روشنی پر مزید ایجنٹس، پاسپورٹ افسران اور نادرا اہلکاروں کی مزید گرفتاریوں کا امکا ن ہے ۔ چھاپہ مار کارروائیاں سب انسپکٹر کاشف ریاض اورسب انسپکٹر ندیم اعوان کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے کیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیرملکیوں کے پاکستانی قومی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا ملازمین کے خلاف مشترکہ داخلی تحقیقات مکمل کر لیں۔ داخلی تجزیہ کی تفصیلی کارروائی کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ پانچ افراد شناختی دستاویزات کی غیرقانونی پراسیسنگ میں ملوث ہیں۔ مزید کارروائی کے لئے ان پانچ افراد سے متعلق تمام تفصیلات فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل کو فراہم کر دی گئیں۔ غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق اطلاعات پر نادرا انتظامیہ نے اپنے سسٹمز کا تفصیلی تکنیکی تجزیہ کیا۔

مربوط طریقہ کار کے تحت نادرا ڈیٹا کا فورنزک آڈٹ کیا گیا اور تحقیقات کی اس جامع کارروائی کے نتیجے میں پانچ نادرا ملازمین کی نشاندہی ہوئی جو غیرملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ داخلی تحقیقات مکمل ہونے پر نادرا انتظامیہ کی جانب سے تمام تر ریکارڈ کے ہمراہ یہ معاملہ فوری اور موثر کارروائی کے لئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

ملزمان کے خلاف نادرا آرڈیننس 2000 کے سیکشن 28/29 (ایف آئی اے ایکٹ کے ساتھ پڑھا جائے) کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نادرا کی طرف سے فراہم کی گئی تفصیلات کی روشنی میں ایف آئی اے نے پانچوں ملزمان کو تحویل میں لے لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ان کی معاونت کرنے والے دیگر افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔ چونکہ یہ انتہائی حساس نوعیت کا معاملہ ہے اور تحقیقات کا عمل فی الحال جاری ہے اس لئے مزید تفصیلات یا گرفتار ملزمان کی شناخت وغیرہ کے بارے میں مزید معلومات منظرعام پر لانا مناسب نہیں ہے۔