اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے قومی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والے افراد تک رسائی کے لئے عدالتی حکم نامہ حاصل کر لیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اہم حکومتی اور عدالتی شخصیات کی جعلی تصویر سوشل میڈیا پر چلانے کے حوالے سے ایف آئی اے نے مزید کاروائی اور قومی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر تک رسائی کے لئے عدالتی حکم نامہ حاصل کرلیا ہے ۔ عدالتی حکم نامے کی روشنی میں ایف آئی اے نے مختلف سوشل میڈیا انتظامیہ کو معلومات کی فراہمی کی باقاعدہ درخواست کی۔وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے قومی اداروں کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوششں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کاروائی کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کیا جا سکے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔