ایف آئی اے نے ملتان ائیر پورٹ سے بیرون ملک 16 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

99
gold

ملتان۔ 05 اپریل (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ملتان ائیر پورٹ سے 16 کلو گرام سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملتان ائیر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے نے مسافر کے سامان سے 16 کلو گرام سونا برآمد کیا ہے،

مسافر نجی ائیر لائن کی پرواز ایف زیڈ 340 سے ملتان سے دبئی جارہا تھا،محمد تنویر نامی مسافر نے امیگریشن کلیرنس کے لیے اپنا پاسپورٹ کاؤنٹر پر پیش کیا،مسلسل ٹریول ہسٹری سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر مسافر ایف آئی اے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔جس پر ملزم کے سامان کو چیکنگ کے لئے منگوایا گیا۔

دوران تلاشی ملزم کے بیگ سے 16 کلو گرام سونا برآمد ہوا جو اس نے بیگ میں مختلف خفیہ خانوں میں سامان میں چھپایا ہوا تھا۔ترجمان ایف آئی نے بتایا کہ ملزم کو مزید تحقیقات کےلیے تھانہ ایف آئی اے منتقل کردیا گیا ہے۔ملزم سے معاونت کرنے والے عناصر کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔