ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس مانسہرہ میں کارروائی کر کے 7 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا، لاکھوں کی نقدی اور موبائل فون برآمد

ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس مانسہرہ میں ایک کارروائی کے دوران 7 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹوں کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کی نقدی اور موبائل فون برآمد کر لئے

مانسہرہ۔ 24 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس مانسہرہ میں ایک کارروائی کے دوران 7 مبینہ پاسپورٹ ایجنٹوں کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کی نقدی اور موبائل فون برآمد کر لئے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس مانسہرہ میں ایک کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پاسپورٹ آفس کے 7 مشتبہ پاسپورٹ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 4 لاکھ 53 ہزار 500 روپے نقد برآمد کر لئے جبکہ متعدد موبائل فون بھی تحویل میں لے لئے گئے ہیں جنہیں مزید تفتیش کیلئے قبضہ میں رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بعض مشتبہ پاسپورٹ آفس اہلکاروں اور معاون عملہ کے موبائل فون بھی ضبط کئے گئے ہیں جنہیں ڈیجیٹل فرانزک تجزیہ کیلئے بھجوایا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے واقعہ کی باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پاسپورٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے صرف قانونی طریقہ کار اختیار کریں اور غیر قانونی ایجنٹس سے مکمل اجتناب کریں، ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں