ریسکیو متاثرہ مقامات پر ریلیف کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے دور دراز کے جن علاقوں سے رابطہ منقطع ہوا ہے وہاں ریسکیو اور ریلیف کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے۔ جگلوٹ سکردو روڈ کی جزوی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور …

گلگت۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے دور دراز کے جن علاقوں سے رابطہ منقطع ہوا ہے وہاں ریسکیو اور ریلیف کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے۔ جگلوٹ سکردو روڈ کی جزوی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور آئندہ دو دنوں میں چھوٹی گاڑیوں کیلئے متبادل راستہ تیار کیا جائے۔

جگلوٹ سکردو روڈ شنگوس آر سی سی پل کی جگہ بیلی پل کی تنصیب کیلئے فوری طور پر این ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر اور کوتاہی نہیں کی جائے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ جی بی ڈی ایم اے کے گوداموں میں مکمل سٹاک کی موجودگی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ موجود صورتحال کے پیش نظر گندم کے سٹاک میں کسی صورت کمی نہیں ہونی چاہئے۔

وزیر اعلیٰ نے جی بی ڈی ایم اے کیلئے ہیوی مشینری کی خریداری میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ ہیوی مشینری کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام اضلاع میں ضروری مشینری کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر دیامر/ استور ریجن کو ہدایت کی کہ استور ویلی روڈ کی آئندہ دو دنوں تک جزوی طور پر بحال کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات، پانی کی فراہمی، بجلی اور آبپاشی کے نہروں کی بحالی کیلئے ایمرجنسی کے تحت کام شروع کئے جائیں اور متعلقہ فورمز ایمرجنسی کے کاموں کی بلاتاخیر منظوری یقینی بنائیں۔

روزانہ کی بنیادوں پر ایمرجنسی کے فورمز کا انعقاد کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے گلگت کنوداس میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کرنے اور برساتی نالوں کے بحالی کے بھی احکامات دیئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام پاور ہاؤسز پر انجینئرز اور سب انجینئرز کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ غیرحاضری کی صورت میں متعلقہ آفیسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ، برقیات، صحت سمیت ایمرجنسی سروسز کے محکموں کے ضلعی آفیسران کو سٹیشنز پر موجود رہنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ موجود صورتحال کے پیش نظر تمام ایمرجنسی کے فیلڈسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور اپنے سٹیشنز پر حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکرٹری داخلہ، صوبائی سیکرٹری خزانہ، ڈویژنل کمشنرز، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے اورتمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات، ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

مزید خبریں