جوہری تحفظ کے شعبے میں پاکستان کی خود انحصار ی ، پی این آر اے نے دو نئے اجازت نامے جاری کر دیئے

پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے دو اہم ریگولیٹری اجازت نامے جاری کر دیئے جن سے جوہری انجینئرنگ کے شعبے میں ملک کی خود انحصاری کو فروغ ملے گا اور غیر ملکی سپلائرز پر انحصار کم ہوگا جبکہ ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی مقامی سطح پر دستیابی مزید مستحکم ہوگی۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے دو اہم ریگولیٹری اجازت نامے جاری کر دیئے جن سے جوہری انجینئرنگ کے شعبے میں ملک کی خود انحصاری کو فروغ ملے گا اور غیر ملکی سپلائرز پر انحصار کم ہوگا جبکہ ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی مقامی سطح پر دستیابی مزید مستحکم ہوگی۔اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران پی این آر اے نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نیوکلیئر پاور انجینئرنگ (ڈی جی این پی ای) کو جوہری تنصیبات میں استعمال ہونے والے حفاظتی نظام اور آلات کے ڈیزائن کے لیے ڈیزائن لائسنس جاری کیا۔

مذکورہ لائسنس سے ڈی جی این پی ای کو یہ ڈیزائننگ مقامی سطح پر سر انجام دینے کی اجازت مل گئی ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکی سپلائرز پر انحصار کم ہوگا اور پاکستان کے جوہری توانائی پروگرام کی طویل المدتی پائیداری کو مزید تقویت ملے گی ۔اسی تقریب میں پی این آر اے نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ہیوی مکینیکل کمپلیکس-3 (ایچ ایم سی-3) کو مقامی طور پر تیار کیے گئے ٹائپ بی (یو) ٹرانسپورٹ پیکیج کے لیے ڈیزائن اپروول سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا۔ یہ خصوصی پیکیج ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی محفوظ نقل و حمل کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔اس سرٹیفکیٹ کے اجراء سے ان پیکیجز کی مقامی تیاری کی راہ ہموار ہوگی جس کے نتیجے میں ملک بھر کے ہسپتالوں کو ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی بلا تعطل، محفوظ اور قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ دونوں ریگولیٹری اجازت نامے ڈی جی این پی ای اور ایچ ایم سی-3 کے تفصیلی تکنیکی جائزوں، سائٹ انسپیکشنز اور لائسنسنگ کے مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد قومی ریگولیٹری تقاضوں اور بین الاقوامی حفاظتی معیارات کے مطابق جاری کئے گئے۔اس موقع پر چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے کہا کہ یہ اجازت نامے پاکستان کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں کا مظہر ہیں اور اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ متعلقہ ادارے قومی ریگولیٹری تقاضوں پر مکمل عمل درآمد کر رہے ہیں جس سے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے لیے بین الاقوامی حفاظتی اور سکیورٹی معیارات کے مطابق تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

پی این آر اے قومی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے محفوظ اور پرامن استعمال کے فروغ کے ساتھ ساتھ کارکنوں، عوام اور ماحول کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) ملک میں جوہری سلامتی ، تابکاری سے تحفظ اور متعلقہ ریگولیٹری امور کی نگرانی ،ضابطہ کاری اور موثر عمل درآمد کا ذمہ دار قومی ادارہ ہے۔

مزید خبریں