وزیر داخلہ محسن نقوی کا ضلع ٹانک میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 15 بہادر سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع ٹانک میں فتنہ الہندوستان (خوارجیوں) کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 15 بہادر سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جری جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا …

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع ٹانک میں فتنہ الہندوستان (خوارجیوں) کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 15 بہادر سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جری جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

محسن نقوی نے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کی لازوال قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے امن و امان کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔