لاہور ہائیکورٹ،بچے کی بازیابی کی درخواست نمٹاتے ہوئے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے ہربنس پورہ کی رہائشی خاتون کی تین سالہ بچے کی بازیابی کی درخواست نمٹاتے ہوئے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی

لاہور۔24جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ہربنس پورہ کی رہائشی خاتون کی تین سالہ بچے کی بازیابی کی درخواست نمٹاتے ہوئے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔ جسٹس عبہر گل خان نے صاعقہ اکبر کی درخواست پر سماعت کی۔پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ بچے کا والد فہیم اسلام اپنے بیٹے ابراہیم فہیم کو ساتھ لے کر دبئی جا چکا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل فیصل شاہ بخاری نے موقف اختیار کیا کہ فہیم اسلام دبئی میں ملازمت کرتا ہے اور ایک ماہ قبل پاکستان آیا تھا جہاں اس نے درخواست گزار کو تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا اور بعد ازاں بچے کو ساتھ لیکر دوبئی روانہ ہو گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت انٹرپول کے ذریعے بچے کی دبئی سے بازیابی کے احکامات جاری کرے تاہم عدالت نے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔