ضلعی انتظامیہ مری نے مون سون بارشوں کے پیش نظر نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 مری اور ریسکیو سکاؤٹس کی ٹیمیں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں
مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں اور خستہ حال عمارتوں کا سروے تیز، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 24 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ مری نے مون سون بارشوں کے پیش نظر نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 مری اور ریسکیو سکاؤٹس کی ٹیمیں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں، نالوں کے اطراف اور کمزور و بوسیدہ عمارتوں کا مسلسل سروے اور نگرانی کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جھیکاگلی سے ملحقہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ ٹیمیں حساس مقامات کا جائزہ لے کر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کر رہی ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر مری کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر کامران رشید کی زیر نگرانی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ضلع بھر میں کمزور، پرانی اور خستہ حال عمارتوں کا تفصیلی سروے بھی کر رہی ہیں۔ لوئر مال مری سمیت مختلف علاقوں میں ایسی عمارتوں اور کمزور چھتوں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے، غیر ضروری طور پر خطرناک عمارتوں میں قیام سے اجتناب کرنے اور مون سون کے دوران تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مری شہر کے علاوہ مضافاتی اور دور افتادہ علاقوں میں بھی سروے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے مقامات، نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کو ندی نالوں اور برساتی پانی کے قریب جانے سے روکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کریں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری، آلات اور افرادی قوت کے ساتھ ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔








