نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک مولدوکانووچ کولو بایف سے ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج جمعہ کو کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک مولدوکانووچ کولو بایف سے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج جمعہ کو کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک مولدوکانووچ کولو بایف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کے تسلسل اور دسمبر 2025 کے کرغزستان کے صدر کے دورۂ پاکستان اور جولائی 2026 میں صدرِ پاکستان کے دورۂ کرغزستان کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر بروقت عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا ۔

جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط ، کاروباری برادری کے درمیان تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے کامیاب انعقاداوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2028۔2027 کی مدت کے لیے غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔