محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، تمام ضلعی ایمرجنسی سروسز کو مکمل تیاری کی ہدایت
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، تمام ضلعی ایمرجنسی سروسز کو مکمل تیاری کی ہدایت

مزید خبریں
پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا شاہ فہد نے صوبے بھر میں 24 سے 27 جولائی تک متوقع بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر تمام ضلعی ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ریسکیو1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام اضلاع میں ریسکیو اہلکاروں، واٹر ریسکیو ٹیموں، ایمبولینس سروس، فائر اور ڈیزاسٹر ریسپانس یونٹس کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات، دریاؤں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور سیاحتی علاقوں میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے جبکہ ضرورت پڑنے پر اضافی ریسکیو وسائل اور اہلکار فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں روانہ کیے جائیں۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے تحت چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی بارش، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث مختلف حادثات پیش آ سکتے ہیں جن سے نمٹنے کےلیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
ریسکیو 1122 نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلابی ریلوں، دریاؤں اور برساتی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں، بچوں کو ندی نالوں، کھڑے پانی اور کھلے گڑھوں سے دور رکھیں جبکہ تیز ہواؤں کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔ ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر 1122 پر کال کریں تاکہ امدادی ٹیمیں کم سے کم وقت میں موقع پر پہنچ کر بروقت امدادی کارروائیاں انجام دے سکیں۔








