ڈسٹرکٹ انسدادِ پولیو کمیٹی کا اجلاس، 10 تا 13 اگست پولیو مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انسدادِ پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا

راولپنڈی۔ 24 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انسدادِ پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، عالمی ادار صحت (WHO) کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شمائلہ، پولیو پروگرام کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 10 تا 13 اگست 2026 تک جاری رہنے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، مائیکرو پلان، ٹیموں کی تعیناتی، حساس علاقوں کی کوریج، سکیورٹی، کولڈ چین، لاجسٹکس، سوشل موبلائزیشن اور مانیٹرنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں مہم کے دوران 9 لاکھ 89 ہزار 924 سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے 4,215 موبائل ٹیمیں، 232 فکسڈ ٹیمیں، 176 ٹرانزٹ ٹیمیں، 686 ایریا انچارجز اور 200 یو سی ایم اوز تعینات کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سو فیصد ہدف کے حصول کے لیے باہمی رابطے، مؤثر ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ انداز میں فرائض سرانجام دیے جائیں تاکہ ہر بچے تک پولیو سے بچاؤ کے قطرے بروقت پہنچ سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی یا فرائض میں غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیمیں پوری لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، سپروژن اور کارکردگی کا جائزہ لے کر مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے مکمل خاتمے کے قومی مشن میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو پولیو فری ضلع بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی بچے کو حفاظتی قطروں سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔