پاکستان پریس فاؤنڈیشن (PPF) کے زیر اہتمام سانگھڑ جیمخانہ ہال میں سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز ایکٹ 2021 کے مؤثر نفاذ اور صحافیوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں صحافیوں
سانگھڑ میں صحافیوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی سیشن، سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن ایکٹ 2021 پر مؤثر عملدرآمد پر زور

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 24 جولائی (اے پی پی):پاکستان پریس فاؤنڈیشن (PPF) کے زیر اہتمام سانگھڑ جیمخانہ ہال میں سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز ایکٹ 2021 کے مؤثر نفاذ اور صحافیوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے نمائندے لالا حسن پٹھان نے کہا کہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز ایکٹ 2021 صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کی جان و مال کے تحفظ، آزادیٔ اظہار اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت صحافیوں کو درپیش خطرات، ہراسانی اور حملوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی نظام فراہم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی اطلاعات افسر عبدالمجید راہموں نے کہا کہ حکومت سندھ اور محکمہ اطلاعات صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن ایکٹ 2021 اس عزم کا عملی ثبوت ہے، جبکہ حکومت صحافیوں اور پریس کلبوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ سیشن کے دوران شرکاء کو ایکٹ کی اہم شقوں، صحافیوں کے قانونی حقوق، سندھ کمیشن کے کردار اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔سینئر صحافی اسلم میمن اور انجم آفتاب نظامانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کی حفاظت، آزادیٔ صحافت اور متعلقہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد ایک مضبوط اور جمہوری معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔
تقریب میں سانگھڑ بار کے سابق صدر سنیل کمار، راجیش ہرسادانی ، لیگل ایڈ سوسائٹی کے ایڈووکیٹ عظیم رونجھو، سماجی رہنما جبار جونیجو، انسانی حقوق سندھ کے صدر جام غلام قادر انڑ، صغیر راجپوت، مرتضیٰ منگی، منور شاہین، یاسمین عظیم رونجھو، سلمیٰ قریشی سمیت صحافیوں، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔








