دو روزہ آئی ٹی بی اے پری آزادی کپ 2026 ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ ہفتہ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

اسلام آباد ٹین پین بائولنگ ایسوسی ایشن (آئی ٹی بی اے) کے زیر اہتمام اور پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن (پی ٹی بی ایف) کی زیر سرپرستی دو روزہ آئی ٹی بی اے پری آزادی کپ 2026 ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ 25 جولائی بروز ہفتہ سے

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):اسلام آباد ٹین پین بائولنگ ایسوسی ایشن (آئی ٹی بی اے) کے زیر اہتمام اور پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن (پی ٹی بی ایف) کی زیر سرپرستی دو روزہ آئی ٹی بی اے پری آزادی کپ 2026 ٹین پن بائولنگ ٹورنامنٹ 25 جولائی بروز ہفتہ سے لیزر سٹی بائولنگ کلب میں شروع ہوگا جس کا افتتاح پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن کریں گے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ٹین پین بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر دانیال اعجاز نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹورنامنٹ اسلام آباد کے دو اہم بائولنگ مقامات پر دو مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا۔

پہلا مرحلہ 25 جولائی کو لیزر سٹی بائولنگ کلب میں ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 26 جولائی کو جیکرنڈا بائولنگ ایلی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے روزانہ سہ پہر چار بجے کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی کے بائولرز کو آزادی کپ ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ بائولرز اپنی مکمل بھرپور تیاری کر سکیں۔ آزادی کپ ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 8 سے 14 اگست تک لیزر سٹی بائولنگ کلب میں کھیلا جائے گا۔