نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نعیم اقبال نعیم

ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے صدر اور معروف سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند نوجوان ہی ایک مضبوط، با صلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں

ملتان۔ 24 جولائی (اے پی پی):ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے صدر اور معروف سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند نوجوان ہی ایک مضبوط، با صلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور اس کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے حکومت، کھیلوں کی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بی ایس کے ہاکی اکیڈمی ملتان میں منعقدہ نوجوان کھلاڑیوں کے خصوصی تربیتی کیمپ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن ملتان میاں محمد ظفر اللہ بھٹی، ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے سینئر رکن واستاد ادیب احمد، پروفیسر مختیار پرویز بخاری، ندیم اقبال ٹونی، پا کستان ویمن ہاکی ٹیم، پاکستان واپڈا اور میپکو ہاکی ٹیم کے کوچ عبدالسعید، رومان شاہد، غلام عباس، علی رضا اور محسن گیلانی بھی شریک تھے۔نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے میدان میں ایک شاند ار تاریخ رکھتا ہے، مگر اس عظیم ورثے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت، معیاری سہولیات، بین الاقوامی معیار کی کوچنگ اور مسلسل سرپرستی فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ینگ پاکستانیزآرگنائزیشن گزشتہ 23 برس سے نوجوانوں میں کھیلوں، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے اورآئندہ بھی اس مشن کوجاری رکھے گی۔اس موقع پراکیڈمی کے کوچز نےنوجوان کھلاڑیوں کو جدید ہاکی تکنیک،جسمانی فٹنس،نظم وضبط اورٹیم ورک کی عملی تربیت دی۔ تقریب کے اختتام پرمہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا،بی ایس کےہا کی اکیڈمی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔