ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس، انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

راولپنڈی۔ 24 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام محکمے مکمل ہائی الرٹ رہیں، ہنگامی مشینری، افرادی قوت اور ضروری وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں فوری اور موثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے واسا کو ہدایت کی کہ شہر بھر کے نالوں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی صفائی اور برساتی پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بارشوں کے دوران صفائی کے خصوصی آپریشن بلا تعطل جاری رکھے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کو ادویات، ایمبولینسز اور طبی عملے کی دستیابی جبکہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ریسکیو آلات، کشتیوں اور تربیت یافتہ عملے کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں نشیبی مقامات، حساس علاقوں اور برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں، فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر رابطہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مربوط کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اجلاس میں ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں نے مون سون ایمرجنسی رسپانس پلان، دستیاب مشینری، افرادی قوت، ریسکیو آلات اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون سیزن کے دوران ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام متعلقہ ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، بروقت امدادی کارروائیوں اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کے لیے ہمہ وقت متحرک رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں، بچوں کو بارش کے پانی میں نہانے سے روکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔اجلاس میں ریسکیو 1122، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، محکمہ صحت، پولیس، سول ڈیفنس، ، سوئی گیس، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔