استور ،پریشنگ میں کلاؤڈ برسٹ سے شدید تباہی، ضلعی انتظامیہ متحرک

پریشنگ ویلی کے علاقے کھنگرول اور شیپے پلیاٹ میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ سیلابی ریلوں کے باعث متعدد مکانات، مویشی خانے،

استور۔ 24 جولائی (اے پی پی):پریشنگ ویلی کے علاقے کھنگرول اور شیپے پلیاٹ میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ سیلابی ریلوں کے باعث متعدد مکانات، مویشی خانے، زرعی اراضی اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ مقامی آبادی کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر استور کی ہدایت پر متعلقہ محکموں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، جہاں نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگانے، متاثرین کی ضروریات کا جائزہ لینے اور ریلیف کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے اور بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے نائب صدر حبیب اللہ نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے ان سے اظہارِ ہمدردی کیا اور یقین دلایا کہ انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔حبیب اللہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے متاثرین تک فوری امداد، رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ متاثرہ افراد معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔انہوں نے حکومت گلگت بلتستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے نقصانات کا شفاف سروے کرکے انہیں مناسب مالی امداد اور معاوضہ فراہم کیا جائے، جبکہ مستقبل میں ایسے قدرتی حادثات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔