وزیراعظم شہباز شریف کی ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ​وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 خارجيوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔​

وزیراعظم نے واقعہ میں پاک فوج کے 12 جوانوں، 2 پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کئے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کو اس فتنے سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔