انصاف کی بروقت اور موثر فراہمی قانون کی حکمرانی کی بنیاد ہے،گورنر سندھ

کراچی۔ 24 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت اور موثر فراہمی قانون کی حکمرانی کی بنیاد ہے جبکہ وکلاء برادری آئین، قانون کی بالادستی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی …

کراچی۔ 24 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت اور موثر فراہمی قانون کی حکمرانی کی بنیاد ہے جبکہ وکلاء برادری آئین، قانون کی بالادستی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت حاصل اختیارات کو عوام کی فلاح و بہبود، قانون کی بالادستی اور انصاف کی مضبوطی کے لیے استعمال کرتا رہوں گا۔وفد کی قیادت قائم مقام صدر ریحانہ نظیر گجر نے کی جبکہ وفد میں بیرسٹر نصیر ہاشمی، جنرل سیکریٹری سید شہزاد علی شاہ، جوائنٹ سیکریٹری آصف علی ابڑو، خزانچی جاوید علی بریرو، اویس عزیز آرائیں، کامران شیخ ، ضیاء الدین شیخ اور حنا بتول سید شامل تھے۔ملاقات میں عدالتی نظام، وکلاء کو درپیش پیشہ ورانہ امور، قانونی تعلیم، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور وکلاء کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے گورنر سندھ کو حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دورے کی دعوت دی، جسے گورنر سندھ نے قبول کرتے ہوئے جلد حیدرآباد کا دورہ کرنے اور وکلاء سے خطاب کرنے کا عندیہ دیا۔وفد نے وکلاء کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے سیمینارز، کانفرنسوں اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کی درخواست بھی کی۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے وکلاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون اور بھرپور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جدید قانونی تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کے لیے وکلاء کی مسلسل تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید خبریں