پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی تک صوبہ بھر کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔24جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی تک صوبہ بھر کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال ،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے، تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں، برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہا ئومیں اضافے اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی، محکمہ تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، مون سون سیزن میں ایسی عمارتوں کے گرنے سے زیادہ جانی نقصان رپورٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھی، طوفان اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز اور کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں، جمع شدہ بارش کے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔








