پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام 13 سے 24 جولائی 2026ء تک اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ’’مصنوعی ذہانت‘‘ کے حوالے سے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اساتذہ کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز سے روشناس کرانا، ان کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا اور تدریس، تحقیق …
مصنوعی ذہانت کے ذریعے اساتذہ کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا، وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی

مزید خبریں
راولپنڈی ۔24جولائی (اے پی پی):پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام 13 سے 24 جولائی 2026ء تک اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ’’مصنوعی ذہانت‘‘ کے حوالے سے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اساتذہ کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز سے روشناس کرانا، ان کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا اور تدریس، تحقیق اور علمی و انتظامی امور میں جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے قابل بنانا تھا۔
تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان تھے۔ پروگرام میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 45 فیکلٹی ممبران نے کامیابی سے تربیت مکمل کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت جدید دور کا ایک لازمی جزو بن چکی ہے جو دنیا بھر میں تعلیم، تحقیق، صنعت اور عوامی خدمات کے شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اساتذہ اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجیز کے موثر اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے تیار کریں تاکہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی پر مبنی دنیا میں کامیابی سے ترقی کی منازل طے کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اساتذہ جدید اے آئی ٹولز سے لیس ہوں گے تو وہ نہ صرف تدریسی عمل کو مزید موثر اور معیاری بنا سکیں گے بلکہ طلبہ کی رہنمائی بھی اس انداز میں کریں گے کہ وہ مصنوعی ذہانت کو اخلاقی اصولوں اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ڈائریکٹر یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر یاسر حفیظ نے وائس چانسلر، تربیت فراہم کرنے والے ماہرین اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے اس امر کو اجاگر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز کو اعلیٰ تعلیم میں موثر انداز سے شامل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو آئی آئی ٹی مستقبل میں بھی اساتذہ اور طلبہ کے لیے اسی نوعیت کے تربیتی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ یونیورسٹی میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے اور جدید ٹیکنالوجیز کے موثر استعمال کو مزید وسعت دی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر تربیت فراہم کرنے والے ماہرین اور کامیاب شرکا میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔








