ایف آئی اے نے گجرات سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 بدنام زمانہ انسانی سمگلروں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا

102
F.I.A
F.I.A

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران گجرات سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 بدنام زمانہ انسانی سمگلروں سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات سرکل طارق مسعود کی زیر نگرانی چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔محمد اعظم، صدام حسین اور لیاقت چیمہ کو انسانی سمگلنگ کے جرم میں گرفتار کیا گیا جبکہ طاہر اقبال غیرقانونی کرنسی ایکسچینج کے جرم میں مطلوب تھا۔

ملزمان کو گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم محمد اعظم، صدام حسین اور لیاقت چیمہ گزشتہ کئی سالوں سے شہریوں کو غیرقانونی طور پر بارڈر پار کرانے میں ملوث تھے ۔ ملزمان بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرتے تھے ۔ ملزمان نے شہری کے بیٹے اور کزن کو غیرقانونی طور پر اٹلی براستہ لیبیا بھیجنے کے 60 لاکھ روپے بٹورے۔

ملزمان ایجنٹوں کے ذریعے لیبیا میں محصور متاثرہ شہریوں پر تشدد کرنے میں ملوث پائے گئے جبکہ ملزم طاہر اقبال غیرقانونی طور پر کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا،ملزم سے ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں، رجسٹر اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔