اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر (پلازہ جات) عمران عارف جنجوعہ کے خلاف 30 لاکھ روپے کی مبینہ بلیک میلنگ اور خوردبرد کے الزامات پر گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں درج ایف آئی آر (نمبر C/08/2025) کے مطابق، شکایت کنندہ محمد شبیر، رہائشی سیکٹر I-10/1 اسلام آباد، نے الزام عائد کیا ہے کہ جنجوعہ نے 2014 میں ان سے 30 لاکھ روپے لیے۔ ملزم نے شبیر کے بھانجے شہروز اقبال کو ای ٹی پی بی میں نائب تحصیلدار کی سرکاری نوکری دلانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم نوکری ملی اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔
یہ واقعہ مبینہ طور پر مختلف مقامات پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیش آیا، جس کے چشم دید گواہوں میں محمد رفیق اور مزمل حسین شامل ہیں۔ داخلی تحقیقات کے بعد، ایف آئی اے نے مجاز اتھارٹی سے قانونی کارروائی کی منظوری حاصل کر لی۔مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 161 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کی ذمہ داری ایف آئی اے کے سب انسپکٹر شمس خان گوندل کو سونپی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے باخبر ذرائع کے مطابق، ملزم کے موبائل ڈیٹا ریکارڈ سے کرپشن میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جن میں اس پر شکایت کنندگان سے بھاری رقوم بلیک میلنگ کے ذریعے حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567410