ایف آئی اے کو قابل اعتراض شہرت کے حامل اہلکاروں اور افسران سے پاک کرنے کی مہم میں مزید پیشرفت ، انکوائری کمیٹی کی 20 افسران کے اثاثہ جات کی تحقیق و تفتیش کی سفارش

66

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر ایف آئی اے کو قابل اعتراض شہرت کے حامل اہلکاروں اور افسران سے پاک کرنے کی مہم میں مزید پیش رفت ہوئی ہے جبکہ ایف آئی اے، آئی ایس آئی اور آئی بی کے سینئر افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی کی جانب سے ایف آئی اے کے بیس افسران کے اثاثہ جات کی تحقیق و تفتیش کی سفارش کی گئی۔ منگل کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انکوائری کی تکمیل تک ان بیس افسران کوکسی اہم عہدے پر تعینات نہ کیے جانے کی سفارش بھی کی گئی ہے جبکہ مشکوک شہرت کے حامل دیگر چار افسران کو بھی آئندہ دو سالوں کے لئے زیرِ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران افسر کی جانب سے مذکورہ افسران کے چال چلن اور ایمانداری سے متعلق سالانہ رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ بیان کے مطابق انکوائری کمیٹی کی جانب سے بارہ افسران کے نام مشکوک لسٹ سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ حساس اداروں کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں ان افسران پر کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا لہٰذا ان کے نام مشکوک شہرت کے حامل اہلکاروں کی فہرست سے نکالنے کی سفارش کی گئی ہے۔