ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو گزشتہ چار برسوں کے دوران شہریوں کی بدنامی اور ہتک عزت کے حوالے سے 98 ہزار 247 شکایات موصول ہوئیں، وزارت داخلہ

177

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو گزشتہ چار برسوں کے دوران شہریوں کی بدنامی اور ہتک عزت کے حوالے سے 98 ہزار 247 شکایات موصول ہوئیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں شگفتہ جمانی کے سوال پر وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ اگست 2018ء سے لے کر 30 اپریل 2022ء تک کی مدت میں ایف آئی اے کے سائبر ونگ میں اس حوالے سے 98 ہزار 247 شکایات موصول ہوئیں،

ان میں سے 78 ہزار 966 کو تصدیقی مرحلے پر نمٹا دیا گیا جبکہ 8260 کو باقاعدہ انکوائریوں میں تبدیل کیا گیا۔ 214 کیسوں کو عدالتوں میں پیش کیا گیا۔ ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ شکایات کے ہر مرحلے پر مستقل بنیاد پر شکایت کنندہ کو رپورٹ پر پیش رفت سے آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد تفتیش کے حتمی نتائج یا انکوائری بند ہونے سے بھی شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جاتا ہے۔