ایف آئی اے نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں بٹورنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا

77
F.I.A
F.I.A

لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):ایف آئی اے نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے،ان کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ،ملزمان کی شناخت محمد آصف اور طیب رحمان کے نام سے ہوئی ہے، ملزم محمد آصف کو حافظ آباد جبکہ طیب رحمان کو مصطفی ٹائون لاہور سے گرفتار کیا گیا ،ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم محمد آصف نے شہری کو نیوزی لینڈ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے 10لاکھ روپے وصول کئے جبکہ ملزم طیب رحمان نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے 18لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔