اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):ایف آئی اے نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بدھ کو ایف آئی اے سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں 2 ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی اور گولڈ برآمد کر لیا۔ ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ٹیم نے فاطمہ ہسپتال، سولجر کراچی کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سید محمد رضا اور حسنین کے نام سے ہوئی۔
چھاپے کے دوران ملزمان سے 50600 امریکی ڈالر ،1500 یورو،ایک لاکھ روپے ، 10 تولہ سونے کے سکے اور 3 عدد موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان کے موبائل فون سے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت بھی برآمد کر لئے گئے ۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ۔ازیں ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چھاپہ مار کارروائی میں نجی بینک کے منیجر سمیت 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ گرفتار ملزمان میں ذیشان عباس اور عبدالکریم شامل ہیں۔ ملزم ذیشان عباس نجی بینک میں بطور ریلیشن شپ منیجر تعینات ہے۔چھاپہ مار کارروائی نجی بینک کی خیابان شہباز برانچ واقع ڈی ایچ اے میں کی گئی۔چھاپے کے دوران ملزمان سے 9000 امریکی ڈالر برآمد ہوئے ۔
دریں اثناء ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی اقامہ پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والا مسافر آف لوڈ کر دیا۔ آف لوڈ ہونے والے مسافر کی شناخت محمد مزمل کے نام سے ہوئی ۔ مسافر فلائٹ نمبر PA812 کے ذریعے شارجہ جا رہا تھا ۔
مزید برآں ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سٹاپ لسٹ میں شامل مسافر کی بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مسافر نے پرواز G9-553 کے ذریعے عرب امارات جانے کی کوشش کی۔ مسافر کی شناخت واصف علی کے نام سے ہوئی جو گجرات کا رہائشی ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602429