اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سکندر حیات خان بوسن نے قو می زرعی تحقیقاتی سینٹر میں ڈاکٹر افتخار احمد کی یاد میں منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور معروف زرعی سائنسدان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر افتخار احمد کی وفات انتہائی افسوسناک ہے اور وہ نہ صرف ایک قابل سائنسدان تھے بلکہ زرعی معاملات میں ایک معاون و مشیر خصوصی بھی تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف اے او کے کانفرنس ہال کو ڈاکٹر افتخار ہال کے نام پر منتقل کئے جانے کی تقریب میںبطور مہمان خصوصی شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر افتخار کی وفات سے زرعی تحقیق کے شعبہ میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے ۔ ان کی زندگی نوجوان سائنسدانوں کے لئے ایک مشعل راہ ثابت ہو گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کے شعبہ میں ترقی کے حصول کےلئے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کا خصوصی عزم رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی زرعی تحقیقاتی کونسل کی یہ حوصلہ افزائی برقرار رہے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14049