ایف اے ٹی ایف آج رات اجلاس کے اختتام کے بعد بیان جاری کرے گا، وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھرکا ٹویٹ

122

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا اجلاس برلن میں جاری ہے، ایف اے ٹی ایف جمعہ کی رات اجلاس کے اختتام کے بعد بیان جاری کرے گا۔

ایک ٹویٹ میں وزیر مملکت نے کہا کہ اجلاس کے نتائج یا قیاس آرائی پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کیا جانا چاہیے، حکومت پاکستان نے اس معاملے پر ہفتہ کی صبح وزارت امور خارجہ میں ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھرجرمنی کے شہر برلن میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہی ہیں۔

اجلاس میں 2018 اور 2021 کے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی پیشرفت پر غور کیا گیا۔ اجلاس ایف اے ٹی ایف کے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (آئی سی آر جی) کی سفارشات کا جائزہ لے گا۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر پاکستان کی قومی ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے مختلف اجلاسوں میں پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے اعلیٰ سطح کے سیاسی عزم کو اجاگر کیا۔

جرمنی 13 سے 17 جون تک برلن میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کی میزبانی کررہا ہے۔ انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے عہدیداروں اور رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں ایف اے ٹی ایف کے دونوں ایکشن پلانز کی تکمیل کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی شاندار پیش رفت سے آگاہ کیا۔