اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت نے لائحہ عمل طے کر لیا ہے، پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں قانون سازی کا عمل آگے بڑھے گا، ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دینے والے اپوزیشن کے اراکین بھی اس بل کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مکمل سپورٹ کریں گے ۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی وجہ سے پارلیمنٹ کا سیشن آئندہ ہفتے منعقد ہوگا۔ آئندہ سیشن کے لئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے، ایف اے ٹی ایف بل پاکستان کے لئے اور پاکستان کے عوام کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔