اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سینئر تاجر رہنما افتخار علی ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ جیسی مصنوعی مفروضات پر مبنی سیاسی مقاصد کیلئے لگائی گئی رکاوٹوں کو دور اور پاک امریکہ تعلقات کو اکنامک سکیورٹی کی بنیاد پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو وقاص انجم کی قیادت میں ملاقات کرنے والے تھنک ٹینک کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ا
نہوں نے کہا کہ خطے میں بدلتے ہوئے جیو سٹریٹجک ماحول کے پیش نظر پاکستان کے پالیسی سازوں کے لیے اس بات کے کافی مواقع موجود ہیں کہ وہ امریکہ کے ساتھ جامع اور لچکدار دو طرفہ تعلقات اور وزارتی اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی بحالی کیلئے فعال کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات میں یہ بنیادی تبدیلی مشترکہ سرمایہ کاری اور کنیکٹویٹی پراجیکٹس میں تعاون کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے اور مل کر کام کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے بہت سے مثبت پہلو موجود ہیں۔ پاکستان اور امریکہ علاقائی امن، موسمیاتی تبدیلی، کوویڈ 19 اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں۔
تاہم پاکستان کو کسی تیسرے ملک کی عینک سے دیکھنے اور بھارت کو تمام امور میں مرکزی حیثیت دینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری سے توقع رکھتا ہے کہ ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ جیسے غیر حقیقی اور سیاسی مقاصد کی خاطر لگاۓ گیۓ اقدامات کو ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو جیو پولیٹیکل سے جیو اکنامک کی طرف منتقل کرنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، نقطہ ہائے نظر میں ہم آہنگی لانے، زیادہ مضبوط، پائیدار اور لچکدار تعلقات کے قیام کے لیے بہت سی گنجائش موجود ہے۔