ایف بی آرکی ایکٹ مجریہ 2019ءکے تحت اثاثے ظاہرکرنے والے تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس بمہ جرمانہ 30 جون 2020 تک ادا کرنے کی ہدایت

153
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد ۔ 18جون (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اثاثہ جات کوظاہر نے کرنے کے ایکٹ مجریہ 2019ءکے تحت اثاثے ظاہرکرنے والے تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس بمہ جرمانہ 30 جون 2020 تک لازمی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایف بی آرکے ترجمان نے یہاں جاری بیان میں وضاحت کی ہے کہ مقررہ حتمی تاریخ تک واجب الادا ٹیکس بمہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں سکیم کے تحت اثاثہ جات ظاہر شدہ تصور نہیں ہوں گے اور ادا کیا گیا جرمانہ بھی ریفنڈ نہیں ہو گا۔ترجمان نے کہاکہ غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات، اخراجات اور فروخت کے خلاف نہ صرف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی بلکہ اثاثہ جات کی مالیت کے 80 فیصد کے برابر ٹیکسز اور جرمانہ کا بھی اطلاق ہو گا۔ ترجمان نے کہاکہ 30 جون واجب الادا ٹیکسز اور جرمانہ کی ادائیگی کی حتمی تاریخ ہے اور اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔