19.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومتجارتی خبریںایف بی آر سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئے...

ایف بی آر سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئے انعامی سکیم کی پہلی قرعہ اندازی آج ہوگی

- Advertisement -

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل نظام سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئے انعامی سکیم کی پہلی قرعہ اندازی آج ہفتہ کو ہوگی۔

ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل نظام کی توسیع و ترویج اورشہریوں میں سیلز ٹیکس سے متعلق آگہی کیلئے اس انعامی سکیم کا اعلان کیا ہے۔انعامی سکیم میں صارفین میں کروڑوں روپے مالیتی ہزاروں انعامات کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

- Advertisement -

سکیم فنانس ایکٹ 2021 کے تحت متعارف کرائی گئی ہے جس کی پیروی میں ایف بی آر نے 9 اگست 2021 کو انعامی اسکیم کیلئے قواعد کا اجرا کیا۔

انعامی اسکیم کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہر ماہ کی 15 تاریخ کو ہوگی اور پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری آج ہفتہ کو ایف بی آر (ہیڈ کوارٹرز)اسلام آباد میں ہوگی۔ سکیم کے تحت پہلا انعام 10 لاکھ روپے، 5 لاکھ روپے کے2، ڈھائی لاکھ روپے کے4 انعامات جبکہ 50 ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات دیئے جائیں گے۔ اس طرح کل انعامی رقم 5 کروڑ 30 لاکھ ہر ماہ 1007 قرعہ اندازی کے بعد جیتنے والے صارفین کودی جائے گی۔

انعامی اسکیم کا مقصد سیلز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شفافیت اور ریونیو چوری کے تدارک کو یقینی بنانا ہے۔ صارفین ایف بی آر کی ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے خریداری کی رسید کی تصدیق کر کے یا انوائس نمبر 9966 پر ایس ایم ایس کر کے قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ایف بی آر نے اس سلسلے میں عوام کی آگاہی کے لیے ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مہم کا آغاز پہلے سے کیا ہے۔ پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں توسیع کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 12 ہزارسے زائدکاروبار اس نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔

نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پرخریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کارنظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس نظام سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=290643

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں