ایف بی آر نے مالی سال 2020کے دوران ٹیکسوں اورمحصولات کے 99.4 فیصداہداف کامیابی سے حاصل کئے، رپورٹ

93
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسوں اورمحصولات کے 99.4 فیصداہداف کامیابی سے حاصل کئے تھے۔یہ بات ایف بی آر کی جانب سے مالی سال 2020 کے حوالہ سے جاری کردہ کارگردگی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2020 کیلئے حکومت نے ابتدائی طورپر5,503 ارب روپے کے ٹیکس اہداف مقررکئے تھے جس پرنظرثانی کی گئی اوریہ ہدف 4,017.4 ارب روپے مقررکیاگیا۔ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال میں 3,996.7 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا جو کل ہدف کا99.4 فیصدبنتاہے۔گزشتہ مالی سال میں براہ راست ٹیکسوں کانظرثانی شدہ ہدف 1,523.2ارب روپے مقررکیاگیاتھا جبکہ 1,523.1 ارب روپے اکھٹاکئے گئے، براہ راست ٹیکسوں کے 99.9 فیصداہداف حاصل کئے گئے۔ سیلزٹیکس کی مدمیں گزشتہ مالی سال کیلئے 1,599.2 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 1,596.8 ارب روپے کا ریونیواکھٹا کیاگیا،

وصولی کی شرح 99.8 فیصد رہی، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 261.5 ارب روپے کاہدف مقررکیاگیاتھا ، اس مدمیں گزشتہ مالی سال کے دوران وصولیوں کاحجم 250.4 ارب روپے ریکارڈکیاگیا، وصولیوں کی شرح 95.7 فیصد ریکارڈکی گئی، کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں محصولات کانظرثانی شدہ ہدف 633.5 ارب روپے مقررکیاگیاتھا، اس مد میں 626.4 ارب روپے کی وصولی ہوئی جس کی شرح 98.8 فیصد بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق پیوستہ سال یعنی مالی سال 2019 کے مقابلہ میں مجموعی ریونیومیں 5.4 فیصد، سیلزٹیکس کی مدمیں 9.4 فیصد اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مدمیں 5.1 فیصد کی بڑھوتری ہوئی

تاہم کسٹم ڈیوٹی کی مد میں پیوستہ سال کے مقابلہ میں 9.4 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔گزشتہ مالی سال میں ری فنڈ اورری بیٹ کی مد میں 173,499ملین روپے کی ادائیگی کی گئی جو پیوستہ سال کے مقابلہ میں 42.6فیصدزیادہ ہے۔ سیلزٹیکس ری فنڈ وری بیٹ کی مدمیں گزشتہ مالی سال میں 337.6 فیصدکی نمایاں بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے۔