اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ذرائع ابلاغ کے بعض حلقوں کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (کسٹمز)کے کردار اور کارکردگی کو غلط انداز میں پیش کرنے کے حالیہ گمراہ کن دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد دعووں کے برعکس ڈائریکٹوریٹ کا مینڈیٹ اور فرائض بدستور موجود ہیں جبکہ مخصوص تبدیلیاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی منظوری سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کی گئی ہیں۔اتوار کو ایف بی آر کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تنظیم نو کا مقصد کسٹمز کے اندر انفورسمنٹ کے دوہرے کردار کو ختم کرنا ہے اور ڈائریکٹوریٹ کے بنیادی فرائض کو متاثر کئے بغیر انسداد سمگلنگ اور انفورسمنٹ کو ایک مربوط ڈھانچے کے تحت استوار کرنا ہے۔
نئے ڈھانچے کے تحت صرف غیر ضروری قرار دیئے گئے مخصوص علاقائی دفاتر بند کئے جائیں گے جبکہ عملہ کو انفورسمنٹ کے سیٹ اپس میں منتقل کیا جائے گا تاکہ انسداد سمگلنگ کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔ سمگل شدہ سامان ضبط کرنے اور چوری کئے ہوئے محصولات کی وصولی میں ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز) نے پورے ملک کے لئے انتہائی کم وسائل اور محض293 افراد پر مشتمل آپریشنل عملہ کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ایک مشترکہ انسداد سمگلنگ حکمت عملی اپناتے ہوئے انفورسمنٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز)اپنے کلیدی کردار کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور اب اس کردار کو مزید تقویت دینے کے لئے اس کو اضافی تکنیکی وسائل مہیا کئے جارہے ہیں تاکہ کسٹمز ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر سٹنگ آپریشن کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔
پاکستان کسٹمز میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن(کسٹمز)کو اپنی مرکزی حیثیت کی بنا پر اب اہم ڈیٹا تک بھرپور رسائی حاصل ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انفارمیشن کی بنیاد پر کاروائیاں کی جا سکیں۔انسداد سمگلنگ کے دائرہ کار کی وسعت اور عملہ کی کمی کے پیش نظر اس ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ایک مشترکہ انسداد سمگلنگ حکمت عملی نافذ کی گئی ہے۔ ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (کسٹمز) کے سمگلنگ کے خلاف جنگ اور ملک کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔