اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن (کسٹمز) کی حدود اور فرائض کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جمعہ کوجاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ایف بی آر نے کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن (کسٹمز) اور علاقائی ڈائریکٹوریٹس کے فرائض اور حدود کے حوالہ سے اس نوٹیفکیشن کااجراء کیاہے۔نوٹیفیکشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن (کسٹمز) کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں جبکہ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں اس کے علاقائی ڈائریکٹوریٹس قائم ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل براہ راست ممبر کسٹمز (آپریشنز)، ایف بی آر، اسلام آباد کو رپورٹ کریں گے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن (کسٹمز) کے ہیڈکوارٹر اور علاقائی ڈائریکٹوریٹس کے سربراہ ڈائریکٹرز ہوں گے اور ان کی مدد کے لیے ضرورت کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، پرنسپل اپریزرز، سپرنٹنڈنٹس، اپریزرز، انٹیلی جنس آفیسرز اور دیگر افسران و اہلکار ہوں گے۔ڈائریکٹوریٹ کے حدودوفرایض میں درآمدات، برآمدات، رعایتی سکیموں وغیرہ سے متعلق محصولات یا ٹیکس کی چوری کے بارے میں انٹیلی جنس حاصل کرنا اور اس معلومات کو ایف بی آر اور متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ شریک کرنا ہے، ڈائریکٹوریٹ سمگلنگ، اس کے رجحانات، طریقہ کار، فائدہ اٹھانے والوں اور سہولت کاروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرے گا اوراسے متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائیگا ۔
جدید ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیٹا مائننگ، مشین لرننگ وغیرہ کے ذریعے تجارتی، ریونیو یا دیگر اقتصادی ڈیٹا کا تجزیہ کیاجائیگا اور اس میں کسی بھی منظم ٹیکس یا ڈیوٹی کی جعلسازی کے نمونوں کی نشاندہی کرے گا۔ ممبر کسٹمز (آپریشنز) سے پیشگی اجازت حاصل کرنے پر ہدف پرمبنی کارروائیاں بھی ڈائریکٹوریٹ کے فرائض میں شامل ہیں، وقت کی کمی کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل ان کارروائیوں کی اجازت دے گا اور تین دن کے اندر ممبر کسٹمز (آپریشنز) سے منظوری لے گا۔نوٹیفیکشن کے مطابق 2010 کے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دفعات 26 کا نفاذ صرف ڈائریکٹر جنرل کے ذریعے کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ بین الاقوامی ایجنسیوں اور نیشنل ٹارگٹنگ سینٹر کے ساتھ روابط استوارکرنے کابھی ذمہ دارہوں گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل، انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن (کسٹمز)، اسلام آباد پاکستان میں ڈائریکٹوریٹس کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا جن میں گلگت بلتستان اور پاکستان کے کسٹمز واٹرز شامل ہیں۔ ڈائریکٹر (ہیڈکوارٹرز) اسلام آباد،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور گلگت بلتستان میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا۔ ڈائریکٹر پشاور صوبہ خیبر پختونخوا میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا۔
ڈائریکٹر لاہو رصوبہ پنجاب میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا۔ ڈائریکٹر کراچی صوبہ سندھ اور کسٹمز واٹرز میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا۔ ڈائریکٹر کوئٹہ صوبہ بلوچستان اور پاکستان کے کسٹمز واٹرز میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کے تمام کاموں کی نگرانی کرے گا۔