اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترامیم کانوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے ۔
ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری نوٹیفکیشن نمبر S.R.O.55(I)/2025 کے مطابق سسیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترامیم کی گئی ہے، ترمیم شدہ رولز میں خاص طور پر رول 14 میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے تحت تمام قابلِ ٹیکس اشیا کی سپلائی کرنے والے رجسٹرڈ مینوفیکچررز ماہانہ ریٹرن کے انیکس جے میں اپنی تیار کردہ اور فراہم کردہ اشیاء کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابندہوں گے۔
تجارتی درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز، اور ہول سیلرز ماہانہ ریٹرن کے نئے انیکس ایچ آئی میں خریدی یا درآمد کردہ اور سپلائی کردہ اشیا کی تفصیلات فراہم کریں گے۔انیکس ایچ آئی ماہانہ اسٹاک کی تفصیلات کو دستاویزی شکل دے گا۔ اس میں اشیا کی افتتاحی اور اختتامی مقدار، قیمت، اور سیلز ٹیکس کی شرح شامل ہوگی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق انیکس جے کو نئی ترتیب میں پیش کیا گیا ہے، جہاں پروڈکشن ڈیٹا، سپلائی، اور اسٹاک کی تفصیلات کو بہتر اور واضح انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552070