ایف بی آر کا ٹیکس ادا نہ کرنے پر سٹون کرشنگ سیکٹر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

101
FBR
FBR

سرگودھا ۔25فروری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ادا نہ کرنے پر سٹون کرشنگ سیکٹر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو فیڈرل بورڈ آف ریونیو علی صالح حیات کلیار نے کہا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے اور کاروبار کی رجسٹریشن نہ کرانے والے سٹون کریشر مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ سرگودھا کے علاقہ پل 111 میں تیار ہونے والا سٹون کریش اپنی اعلیٰ کوالٹی کی وجہ سے ملک بھر میں سپلائی کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے بڑے پیمانے پر سیلز اور بھاری کمائی کے باوجود اس شعبے کا ٹیکسوں کی مد میں کوئی حصہ نہیں ہے

جبکہ اس شعبے میں کچھ انتہائی بااثر افراد ملوث ہیں جو کہ ٹیکس ادانہ کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محتاط اندازے کے مطابق اس شعبے سے ٹیکس کی مقدار تقریباً 5 ارب روپے سالانہ ہے جس کی وصولی کے لیے ماضی میں ٹیکس حکام کی جانب سے ٹیکس کے نفاذ اور اس شعبے سے ٹیکس چوری کوروکنے کے لیے متعدد کوششیں کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کا کہنا تھا کہ چیف کمشنر ڈاکٹر فہیم محمد کی ہدایت پرریجنل ٹیکس آفس سرگودھا نے اس سیکٹر کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل تیار کیا ہے جس کے لیے ایک ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے جوکہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 ء کے سیکشن 40 کے تحت چوبیس گھنٹے سیکٹر کی پیداوار کی نگرانی کرے گا۔یہ ٹیم مسلسل مارچ کے آخری ہفتہ نگرانی کرتی رہے گی۔

دوسری طرف یہ کوشش موجودہ ٹیکس دہندگان کی دیرینہ مانگ کو پورا کرے گی جو اکثر شکایت کرتے ہیں کہ ایف بی آر موجودہ ٹیکس دہندگان کے علاوہ نئے ٹیکس دہندگان کوٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے کچھ نہیں کر رہا۔