اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ ٹیکس حکام کی بدعنوانیوں اوربے ضابطگیوں کے خلاف شکایات پربھرپورکارروائی کی جارہی ہے اورٹیکس گزاروں کی شکایات کے حل کیلئے تمام تر کوششوں کویقینی بنایا جائیگا۔
ایف بی آرکے ترجمان نے پیرکواے پی پی کوبتایا کہ ایف بی آرنے اس ضمن میں اینٹیگریٹی منیجمنٹ سیل اور علاقائی انٹیگریٹی کمیٹیاں قائم کی ہیں، ٹیکس گزار ٹیکس حکام کی بدعنوانیوں اوربے ضابطگیوں کے خلاف آسان طریقے سے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس گزارٹیلی فون نمبر051-111-772-772، ہیڈکوارٹریا فیلڈآفسزمیں قائم کمیٹی کے روبرو، خط، ای میل [email protected]،یا ایف بی آرکے آن لائن پورٹل پربراہ راست اپنی شکایات کا اندراج کرسکتے ہیں۔شکایت درج کرانے والے کوٹریکنگ نمبراورجواب الاٹ کردیا جاتاہے، درخواست گزارکوثبوت فراہم کرنے کیلئے کہا جاتاہے، اینٹیگریٹی منیجمنٹ سیل ان شکایات کی تفتیش کرتاہے، شکایت کومتعلقہ آرآئی سی میں بیجھاجاتاہے اوررپورٹ تفتیشی کمیٹی کے سامنے رکھی جاتی ہے،تحقیقات مکمل ہونے کے بعدشکایت کومزیدکارروائی وفیصلہ کیلئے اینٹیگریٹی منیجمنٹ سیل کو بھیج دیاجاتاہے۔
ترجمان نے کہاکہ ٹیکس گزاروں کی شکایات کا فوری ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ دوسری جانب ایف بی آرنے ریونیو چوری کوروکنے کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں، ایف بی آرکے مطابق ڈائیریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔ ڈائیریکٹوریٹ جنرل نے 846 انوسٹی گیشن رپورٹس فیلڈ دفاتر کو بھیجی جس کے باعث 147 ارب روپے کی ریونیو چوری کا انکشاف ہوا۔
ڈائیریکٹوریٹ جنرل نے اکتوبر 2018 سے مارچ 2021 تک اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت 175 افراد کے خلاف 136 شکایات درج کی جس کی وجہ سے 50 ارب روپے کی ریونیو چوری کا پتہ چلا۔ ڈائیریکٹوریٹ جنرل نے غیر قانونی سگریٹس کے 5057 کارٹنز جس میں 5 کروڑ 5 لاکھ 70 ہزار سگریٹ سٹکس تھی، کو ضبط کیا۔