ایف بی آر کی سیلاب سے متاثرہ افرادکی امداد کیلئے آنیوالی کھیپوں کو 24 گھنٹوں کے اندرکلئیرکرانے کیلئے چیف کلکٹرز کسٹمز کوہدایات جاری

156
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سیلاب سے متاثرہ افرادکی امداد اورریلیف کی کاروائیوں کیلئے آنیوالی امدادی کھیپوں کو 24 گھنٹوں کے اندرکلئیرکرانے کیلئے چیف کلکٹرز کسٹمز کوہدایات جاری کردی ہیں۔

جمعہ کویہاں جاری بیان میں ترجمان ایف بی آر نے کہاہے کہ ریلیف کی کاروائیوں میں تیزی لانے کیلئے ایف بی آر نے تمام چیف کلکٹرز کسٹمزکو این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم ایز کے ساتھ رابطہ رکھنے اورریلیف کیلئے آنیوالی کنسائنمنٹس کو 24 گھنٹوں کے اندرکلئیرکرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ترجمان نے ایک بارپھروضاحت کی ہے کہ سیلاب زدگان کیلئے درآمدہونے والی ریلیف اشیا پرکسٹم ڈیوٹی، ریگولیرٹی ڈیوٹی، سیلزٹیکس ، ایڈوانس انکم ٹیکس سمیت تمام ٹیکسوں کی 90 روز تک چھوٹ دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم ایز کی تصدیق کے بعد اس طرح کی درآمد شدہ امدادی سامان پرٹیکسوں کی چھوٹ ہوگی جس کااطلاق 30 اگست 2022 سے 90 روز کیلئے ہوگا۔