اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):ایف بی آر کی غیر قانونی،نان ڈیوٹی پیڈ اورجعلی سگریٹس کے خلاف ملک گیرکارروائیاں جاری ہیں، ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی خصوصی ٹیموں نے اس ماہ کی تیرہ تاریخ کو ملک بھر میں غیرقانونی سگریٹس کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔
ان کارروائیوں کے دوران ملکی اور غیرملکی ساخت کے 1377 پیکرائیٹس ضبط کر لئے گئے جن میں 13.77 ملین سگریٹس تھے۔ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر نے ان کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری محصولات ادا کرنے سے بچنے کی کسی بھی کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کو فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔