ایف بی آر کی پاکستان کسٹمز کو کھانے پینے کی اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

102
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے پاکستان کسٹمز کو کھانے پینے کی اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان ایف بی آر نے جمعہ کوبتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز اسلام آباد، چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان کوئٹہ اور چیف کلکٹر کسٹمز نارتھ اسلام آباد کو وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کی تعمیل میں کھانے کی اشیاءکی ملک سے باہر سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ احکامات گندم، آٹا، چینی، مکئی، میدہ، پولٹری، پھل، سبزیاں اور مویشیوںکی ملک میں پیدا ہونے والی کمی کے بعد جاری کئے ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ وفاقی حکومت نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کووڈ 19 سمگلنگ روک تھام آرڈینینس 2020 بھی متعارف کرایا ہے تا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو با اختیار بنا کر سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایف بی آر نے مزید ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز سمگلنگ با لخصوص کھانے کی اشیاءکی سمگلنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر برآمدی اشیاءکی کلیرنس کے وقت ہوشیار رہیں۔ ایف بی آر نے ہر پندرہ ایام کے بعد ڈایکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز اسلام آباد ، چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان ،کوئٹہ اور چیف کلکٹر کسٹمز نارتھ اسلام آبادکو اٹھائے گئے اقدامات سے ایف بی آر ہیڈکوارٹر کو آگاہ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔