24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومتجارتی خبریںایف بی آر کے گرفتاری کے اختیارات پر نظرثانی کیلئے وزیر اعظم...

ایف بی آر کے گرفتاری کے اختیارات پر نظرثانی کیلئے وزیر اعظم کی مداخلت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ناصر منصور قریشی

- Advertisement -

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کمپنیز کے ایگزیکٹوز کی گرفتاری بارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مجوزہ اختیارات کا جائزہ لینے اور ان پر کنٹرول سخت کرنے کے سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے کر تاجر برادری کے تحفظات کا ازالہ کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔

منگل کو جاری ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر نے وزیر اعظم کی مداخلت کو خوش آئند قدم قرار دیا جس سے قانون کی پاسداری کرنے والے ٹیکس دہندگان کو بے جا ہراساں کیے جانے سے بچانے کے حکومتی عزم کو تقویت ملتی ہے۔ صدر ناصر قریشی نے کہا کہ کاروباری برادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور روزگار پیدا کرنے، ریونیو کی تخلیق اور مجموعی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کوئی بھی اقدام جو کمپلائنٹ کاروبار کی حوصلہ شکنی یا دھمکی دیتا ہے، نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے اس واضح موقف کی تعریف کی کہ فنانس بل 2025-26 کے تحت گرفتاری کے مجوزہ اختیارات کو کبھی بھی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو ہراساں کرنے یا ڈرانے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے یہ کہنا بہت حوصلہ افزاء ہے کہ تاجروں کی عزت اور احترام کو بہرحال برقرار رکھا جانا چاہیے ۔ناصر منصور قریشی نے پارلیمنٹ میں تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہوئے مجوزہ شق میں ضروری ترامیم کرنے اور اسے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں سے ہم آہنگ کرنے کی وزیراعظم کی ہدایت کا بھی خیر مقدم کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں کاروبار دوست ماحول کی تعمیر کے لیے اس طرح کی جامع اور دانشمندانہ پالیسی سازی ضروری ہے۔آئی سی سی آئی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چیمبر اور کاروباری برادری ٹیکس کی تعمیل کو بڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، بشرطیکہ ایسے اقدامات منصفانہ، شفاف ہوں اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پائیدار اقتصادی خوشحالی صرف سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون اور اعتماد کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ناصر منصور قریشی نے امید ظاہر کی کہ حکومت سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے جاری رکھے گی اور ایسی پالیسیاں اپنائے گی جو کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیں، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دیں اور صنعتوں کی ترقی میں سہولت فراہم کریں جو کہ ایک مضبوط اور زیادہ لچکدار قومی معیشت کا باعث بنیں گی ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں