اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) اور اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (آئی سی ای ایس سی او) کے تعاون سے ایک شاندار منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد پاکستان اور بیرون ملک ریاضی کے طلباء میں متھمیٹیکل صلاحیتوں کو اجا گر کرنا ہے۔ یہ مقابلہ خصوصاً ثانوی اور اعلیٰ ثانوی یا اس کے مساوی سطح کے طلبہ کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان اقدامات کو پاکستان میتھی میٹکس اولمپیاڈ (پی ایم او) کانام دیا گیا ہے۔ریاضی جسے اکثر ’’تمام علوم کی ماں ” کہا جاتا ہے، مطالعے کے مختلف شعبوں میں ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس بنیادی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان میتھی میٹکس اولمپیاڈ (پی ایم او ) طلبہ کی ریاضی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی مہارت کو بھی پروان چڑھائے گا جو مختلف شعبوں میں کامیابی کیلئے ضروری ہے، ان اقدامات کا مقصد مستقبل کے ماہرین ریاضی کو پروان چڑھانے اور تنقیدی سوچ رکھنے والے افراد کی صلاحیتوں کی آبیاری کرنا ہے۔ اعلیٰ تعلیمی معیار کو بر قرار رکھنے کے لئے لمز کے شعبہ ریاضی نے پی ایم او کے لئے ایک خصوصی نصاب تیار کیا ہے جو کہ بین الا قوامی معیار کے مطابق ہے جس سے شرکاء کو ریاضی میں مضبوط بنیاد حاصل ہو سکے گی۔
مزید برآں طلباء کی موثر تیاری کیلئے ایک ماڈل سوالیہ پرچہ بھی تیار کیا گیا ہے، یہ کوشش شرکاء کو کامیابی کیلئے ضروری وسائل فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ امسال پی ایم او کے لئے پاکستا ن اور بیرون ملک مختلف علاقوں سے 7500 سے زائد طلبہ اس میں شرکت کیلئے رجسٹر ہو چکے ہیں۔ طلباء کی یہ کثیر تعداد ان کی ریاضی کی مہارت دکھانے کی خواہش اور ان کے جذبے کی عکاس ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ اس شرکت میں آنے والے سالوں میں مزید اضافہ کیلئے پرامید ہے۔ پی ایم او صرف ایک مقابلہ ہی نہیں بلکہ نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
یہ مقابلہ 8 دسمبر 2024 کو پاکستان اور بیرون ملک قائم امتحانی مراکز میں منعقد ہو گا۔ طلباء کی سہولت کیلئے 69 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں تین بیرون ملک امتحانی مراکز بھی شامل ہیں۔ تمام اہل امیدواروں کو رول نمبر بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ شرکاء کی محنت اور لگن کو دیکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی طرف سے پی ایم او مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کیلئے نقد انعامات، تمغے، لیپ ٹاپ اور دیگر انعامات جیتنے کا موقع ملے گا جن میں پاکستان کے بہترین تعلیمی اداروں میں داخلہ شامل ہے۔ پاکستان میتھی میٹکس اولمپیاڈ طلباء میں ریاضی کے میدان میں مہارت کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
یہ پلیٹ فارم ریاضی کی تعلیم کے مستقبل کو پاکستان میں اعلیٰ درجے پر متعارف کرانے میں ایک انقلابی قدم ثابت ہو گا۔